لیما: (روزنامہ دنیا) سمارٹ فون اور لیپ ٹاپ بنانے والی کمپنیاں نت نئے ماڈل پیش کرکے لوگوں کو لبھاتی اور ان کی جیبیں خالی کرتی رہتی ہیں، اسی خامی کو محسوس کرتے ہوئے پیرو کی کمپنی نے لکڑی سے بنا کم خرچ لیپ ٹاپ بنایا ہے جو باآسانی 10 سے 15 برس تک چل سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسے واوا لیپ ٹاپ کا نام دیا گیا ہے اور یہ بطورِ خاص غریب افراد کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ یہ ایک سنگل بورڈ کمپیوٹر ہے جسے وقت کے ساتھ ساتھ اپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے اوراس کی مرمت میں بھی آسانی رہتی ہے ۔ اس کی قیمت 235 ڈالر اور سرکٹ بورڈ کی قیمت صرف 35 ڈالر ہے۔
یہ لیپ ٹاپ بنانے کا خیال مارکیٹ میں فروخت ہونے والے مہنگے کمپیوٹرز کو دیکھ کر آیا جنہیں غریب لوگ صرف حسرت کی نگاہوں سے ہی دیکھ سکتے تھے، ایک ایسا سستا کمپیوٹر جو ہر ایک کی رسائی میں ہو اس کو سب سے پہلے 2015 میں بنایا گیا اور واوا لیپ ٹاپ کا نام دیا گیا۔
اس کو لینکس آپریٹنگ سسٹم کے ذریعے آپریٹ کیا جاتا ہے جو کہ اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم ہے یعنی جسے کوئی بھی بغیر کوئی قیمت ادا کئے حاصل کر سکتا ہے، اس لیپ ٹاپ کو سورج کی روشنی سے بھی چارج کیا جا سکتا ہے۔ اس لیپ ٹاپ کا کوئی بھی پرزہ نکالا جا سکتا ہے جسے نکالنا اتنا ہی آسان ہے جتنا عام کمپیوٹر کے مدر بورڈ سے ریم نکالنا اور واپس لگانا۔ اسے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اگلے 15 سال تک یہ صارف کی ضروریات پوری کر سکتا ہے۔