کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنی ویڈیو کانفرنسنگ سروس کو سب کیلئے مفت کر دیا ہے۔ یہ اقدام مقبول ویڈیو کالنگ ایپ زوم کے مقابلے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ رواں ماہ مئی سے گوگل میٹ نامی یہ ویڈیو کانفرنسنگ سروس تمام صارفین کیلئے بالکل مفت ہوگی تاہم اس کیلئے جی میل اکاؤنٹ کا ہونا لازمی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران زوم کے صارفین کی تعداد چند ماہ کے دوران ایک کروڑ سے بڑھ کر 20 کروڑ تک پہنچ گئی اور اس کو دیکھ کر گوگل نے اعلان کیا ہے کہ اس کا پریمیئم ویڈیو کانفرنسنگ سافٹ وئیر گوگل میٹ اب ہر ایک کے لیے مفت ہوگا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل گوگل میٹ کیلئے صارفین کو 6 ڈالر فی کس ماہانہ ادا کرنا پڑتے تھے۔
ایک اندازے کے مطابق زوم کے صارفین کی تعداد کورونا وائرس سے قبل ایک کروڑ تھی جو وبا کے پھیلاؤ کے ساتھ بڑھ کر اب لگ بھگ 20 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔