کیلفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایمازون کے نائب صدر ٹم برے نے ملازمین کو نکالے جانے پر احتجاجاً اپنی نوکری سے استعفیٰ دیدیا ہے۔
ٹم برے کا شمار ممتاز سافٹ ویئر انجینئرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایمازون کی نوکری چھوڑ دی ہے اور یہ انتہائی اقدام صرف اس لئے اٹھایا کیونکہ ان کی سابق کمپنی نے متعدد ملازمین کو ان کی نوکری سے فارغ کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ ایمازون نے حالیہ ہفتوں میں اپنے 6 اہم ملازمین کو ان کی نوکریوں سے برخاست کر دیا تھا۔ خبریں ہیں کہ ان ملازمین نے کورونا وائرس کی وجہ سے حفاظتی اقدامات نہ اٹھانے پر کمپنی کے سامنے سوالات اٹھائے تھے لیکن اس کی پاداش میں ان کی نوکریاں چلی گئیں۔
اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں ٹم برے نے ایمازون کے عہدیداروں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے جواز نے انھیں ہنسنے پر مجبور کر دیا ہے۔ میں ملازمین کو نکالنے کے اقدام پر استعفیٰ دے رہا ہوں، گزشتہ جمعہ ایمزون میں میرا آخری دن تھا۔
یاد رہے کہ ٹم برے گزشتہ پانچ سال سے ایمازون کیساتھ منسلک تھے۔ انہوں نے اس سے قبل گوگل اور سن مائیکرو سسٹم سمیت دیگر اہم اداروں میں اہم ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔