فیس بک بانی کا کورونا وائرس بارے غلط معلومات ہٹائے جانے کے اقدامات کا دفاع

Last Updated On 21 May,2020 07:55 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کورونا وائرس بارے غلط معلومات ہٹائے جانے کے اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی بھی مواد جس سے صارفین کو خطرہ درپیش ہو اسے فیس بک سے ہٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے برازیل کے صدر ویڈیو ہٹائے جانے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کورونا وائرس کا علاج دریافت ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا فیس بک نے فوری طور پر ان کی ویڈیو کو ہٹایا کیونکہ ان کا بیان غلط تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے علاوہ فیس بک سے ایسا مواد بھی ہٹایا گیا جس میں دعوے کیے گئے تھے کہ فائیو جی ڈیجیٹل نیٹ ورک دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن رہا ہے۔

مارک زکربرگ نے کہا کہ فیس بک نے حال ہی میں سازشی نظریات پھیلانے کے الزام میں مشہور سابق براڈ کاسٹر ڈیوڈ اکی کی ویڈیوز کو ہٹانا شروع کر دیا تھا کیونکہ موصوف مسلسل عوام میں غلط معلومات پھیلا رہے تھے۔ انہوں نے پہلے فائیو جی ٹیکنالوجی پر وبا پھیلانے کا الزام لگایا جبکہ بعد ازاں یہودیوں کے ایک گروپ کو اس تمام صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم جعلی اور غلط معلومات تک پہنچنے کیلئے آزاد فیکٹ چیکرز کیساتھ کام کرتے ہیں۔ جب سے کورونا کی وبا پھوٹی ہے، فیس بک نے مختلف پوسٹس پر 50 ملین تک وارننگ لیبلز بھیجے۔