ٹک ٹاک نے کاروباری لوگوں کے لیے نیا پلیٹ فارم لانچ کر دیا

Last Updated On 26 June,2020 07:45 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کی مقبول ترین ایپ ٹک ٹاک نے حال ہی میں کاروباری لوگوں کے لیے نیا پلیٹ فارم لانچ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹک ٹاک نے اعلان کیا ہے کہ وہ مختلف برانڈز کی تشہیر کے لیے  ٹک ٹاک فار بزنس  پلیٹ فارم لانچ کرے گی۔

ٹک ٹاک فار بزنس کے پلیٹ فارم پر برانڈز اور مشتہرین کو ٹک ٹاک کمیونٹی سے جُڑنے کا موقع ملے گا اور یہ برانڈز کو اشتہاری مہموں کے لیے مناسب شراکت دار کی تلاش کرنے میں سہولت بھی فراہم کرے گا۔

اس پلیٹ فارم کے ذریعے برانڈز کے اشتہار ٹک ٹاک ایپ کی مین اسکرین پر آئیں گے جب کہ ٹک ٹاک کی نیوز فیڈ پر موجود ویڈیوز پر برانڈز سے متعلق ہیش ٹیگز اور چیلنجز بھی آئیں گے۔

علاوہ ازیں ٹک ٹاک جلد ایک نیا لرننگ سینٹر بھی لانچ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جہاں مارکیٹرز ٹِک ٹاک کی اشتہاری پیشکشوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرسکیں گے۔