جارجیا: (روزنامہ دنیا) گھنے جنگلات میں انتہائی سستی سے حرکت کرنے والا ایک جاندار سلاتھ بھی ہے جس سے متاثر ہوکر سائنسدانوں نے ایک سلاتھ روبوٹ بنایا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سلاتھ روبوٹ عین اسی جانور کی طرح الٹا لٹک کر دھیرے دھیرے حرکت کرتے ہوئے فطرت، ماحول اور جنگلی حیات کا احوال لیتا رہتا ہے۔ سلاتھ نما روبوٹ کی لمبائی تین فٹ ہے اور اس کا غالب حصہ تھری ڈی پرنٹر سے چھاپا گیا ہے۔
اس میں کئی اقسام کے سینسر اور موٹریں لگائی گئی ہیں۔ جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے اسے ایک نباتاتی (بوٹانیکل) باغ کیلئے بنایا ہے۔ اس پر خاص قسم کے سولر پینل لگائے گئے ہیں۔ دو درختوں پر ایک موٹا تار باندھ کر اس پر روبوٹ چلایا جاتا ہے۔
یہ بیٹری بڑی کفایت سے خرچ کرتا اور حرکت بھی بڑے سکون سے کرتا ہے، چلتے چلتے یہ پرندوں اور جانوروں پر نظر رکھتا اور ان کے طرز زندگی، موسم کے لحاظ سے خوراک کے حصول سمیت دیگر معاملات میں تبدیلی، سونا، جاگنا، بچوں کی افزائش سمیت لائف سائیکل نوٹ کرتا رہتا ہے۔
باکفایت اس لئے ہے کہ سولر پینل کے ذریعے توانائی حاصل کرتا ہے اور کچھ خاص اخراجات بھی نہیں، ماہرین نے اسے جنگلی حیات کے بارے میں جاننے کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔