خلا بازوں کیلئے ٹوائلٹ کا ڈیزائن کیسا ہو؟ عوام تجاویز دیں: ناسا

Last Updated On 03 July,2020 10:09 pm

کلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکی خلائی ادارے ناسا نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ خلا بازوں کیلئے ٹوائلٹ کی تشکیل کیلئے 17 اگست تک تجاویز ارسال کردیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے انڈیپینڈنٹ اردو کے مطابق اس سلسلے میں ناسا کی جانب سے 35 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی رکھی گئی ہے جو بہترین تجاویز دینے والے تین افراد میں تقسیم کی جائے گی۔

خلا میں پہلے ہی بین الاقوامی خلائی سٹیشن جیسے مقامات پر ٹوائلٹ استعمال کیے جا رہے ہیں لیکن وہ چاند کی بجائے بہت کم کشش ثقل کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

چاند کی سطح پر جاتے ہوئے خاص قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات یہ ان لوگوں کی مشکلات سے بھی زیادہ سخت ہوتی ہیں جن کا سامنا بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر موجود لوگ مدار میں کرتے ہیں۔

ناسا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خلا بازوں کیلئے موجودہ ٹوائلٹس کی خامیاں دور کی جا رہی ہیں تاہم امید ہے کہ عوام انسانی فضلے کو ٹھکانے لگانے کے مختلف طریقے سامنے لائیں گے۔

اب ناسا نئے ٹوائلٹس بھی چاہتا ہے جو زیادہ چھوٹے اور زیادہ کارآمد ہوں اور بہت کم کشش ثقل اور چاند کی کشش ثقل دونوں میں کام کرنے کے قابل ہوں۔ اس کے لیے کم جگہ اور وزن کو اہمیت دی جائے کیونکہ ادارہ ایسے خلائی جہاز تیار کر رہا ہے جو آرٹیمس مشنز کے حصے کے طور پر خلابازوں کو واپس چاند پر لے کر جائیں گے۔

خیال رہے کہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر بنائے گئے ٹوائلٹ بہت کم کشش ثقل کیلئے تیار کیے گئے ہیں۔ اب ناسا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے چھوٹے ڈیزائن تجویز کریں جو بہت کم کشش ثقل اور چاند کی کشش ثقل دونوں میں استعمال کیے جا سکیں۔