آسٹن: (روزنامہ دنیا) ٹیکساس یونیورسٹی کے ماہرین نے ڈیٹا محفوظ کرنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا آلہ ایجاد کرلیا ہے جس کی جسامت ایک نینومیٹر کے برابر ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے اسے ’’ایٹم رِسٹر‘‘ کا نام دیا ہے یعنی یہ ایک ایسا ٹرانسسٹر ہے جو ایٹمی پیمانے پر ڈیٹا محفوظ کرتا ہے ۔یہ آلہ ایٹموں کی حرکت سے کام کرتا ہے اور اس کی بدولت نہایت چھوٹے میموری آلات میں معلومات اور ڈیٹا کا ایک انبار رکھا جاسکے گا۔
ڈیٹا محفوظ رکھنے کے منفرد طریقہ کار میں جب ایک خاص مادے پر مخصوص وولٹیج دیا جاتا ہے تو اس کی برقی مزاحمت کمزور یا مضبوط ہوجاتی ہے۔ ماہرین نے اس مظہر کو ڈیٹا لکھنے اور مٹانے کیلئے استعمال کیا ہے اور اسی طریقہ کار کے تحت محفوظ کئے گئے ڈیٹا وک پڑھنے کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ آلہ برقیات کے بالکل نئے شعبے ’’میمرسٹر‘‘سے تعلق رکھتا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ایٹمی سطح پر سٹوریج کے لئے توانائی بھی بہت کم درکار ہوتی ہے۔