اقوام متحدہ: (اے پی پی) دنیا بھر میں سکول کی عمر کے تقریباً ایک ارب 30 کروڑ بچوں کے پاس گھر میں انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہے جس کے باعث وہ تعلیمی مواقع سے محروم ہیں۔
اس حوالے سے اقوام متحدہ کے فنڈ برائے اطفال یونیسیف اور بین الاقوامی ٹیلی مواصلات یونین کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 3 سے 17 سال کی عمر تک کے بچوں کی 2 تہائی تعداد کے پاس گھر میں انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہے۔
بلند ترین آمدنی والے ممالک میں سکول کی عمر والے 86 فیصد بچوں کے پاس انٹرنیٹ تک رسائی کی سہولت ہے جبکہ کم ترین آمدنی والے ملکوں میں یہ تناسب 6 فیصد ہے۔
ذیلی صحرائی افریقہ اور جنوبی ایشیاء میں تقریباً 90 فیصد بچوں کی انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہے۔مذکورہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 25 کروڑ بچوں کو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران سکول بند ہو جانے کی وجہ سے آن لائن کلاسیں لینا پڑ رہی ہیں۔
یونیسیف کی انتظامی ڈائریکٹر ہینریئیتا فور نے کہا ہے کہ ربط سازی کا فقدان بچوں کیلئے تعلیم کے ضیاع کا باعث بنتا ہے۔