سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں: فواد چودھری

Published On 03 December,2020 06:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائنس کی کوئی سرحدیں نہیں ہوتیں۔ پاکستان پی ڈی ایم کے جلسوں سے ترقی نہیں کرے گا بلکہ سائنس و ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے ترقی کرنی ہے تو ہمارا انحصار ٹیکنالوجی، سائنس اور عقل پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 15 سے 20 سالوں میں گاڑیاں الیکٹرک پر شفٹ ہو جائیں گی جبکہ 5 جی دنیا میں ایک انقلاب لے کر آئے گافائیو جی کے بعد واشنگٹن میں بیٹھ کر لاہور سے سرجری کرا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں اور جیلوں کے لئے نیا سسٹم تیار کرنے جا رہے ہیں تاکہ ججوں اور قیدیوں کو روزانہ کے سفر کی مشکلات سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر، ڈرائیور، ٹیچرز اور مکینکس کی نوکریاں مستقبل میں ختم ہو جائیں گی کیونکہ ان کی جگہ جدید ٹیکنالوجی لے گی۔

فواد چودھری نے کہا کہ مستقبل میں ہمیں نہیں پتا کہ کونسی نوکریاں دستیاب ہوںگی۔ آج سے 10 سال پہلے جتنا لکھنا پڑتا تھا جبکہ اب لکھائی کی ضرورت نہیں پڑتی۔