شاہراہ قراقرم پر 4G کی سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ جاری

Published On 06 January,2021 05:46 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت کی طرف سے شاہراہ قراقرم پر نصب 2 جی ٹاورز کو اپ گریڈ کرکے فورجی کی سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیّد امین الحق کی وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے ملاقات ہوئی۔ گلگت بلتستان میں براڈ بینڈ سروسز، آئی ٹی پروفیشنلز، آئی ٹی پارکس سمیت دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔

وفاقی وزیر سید امین الحق نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے کہا کہ وہ شمالی علاقہ جات کے اہم سیاحتی پوائنٹس کی نشاندہی کریں تاکہ سیاحت کے فروغ اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لئے وہاں ہنگامی بنیادوں پر براڈ بینڈ سروسز فراہم کی جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہراہ قراقرم پر نصب 2 جی ٹاورز کو اپ گریڈ کرکے فورجی کی سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ جاری ہے جس سے نہ صرف پوری شاہراہ بلکہ اس کے اطراف قائم رہائشی علاقوں کو بھی تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت آئی ٹی پارک اپنے قیام کے بعد صرف تین ماہ میں غیر معمولی کامیابی حاصل کر چکا ہے جس کی سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے خواتین آئی ٹی ڈویلپرز کی کمپنی شی ڈیو نے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ اسی طرح 75 نوجوانوں پر مشتمل کمپنی ڈاٹ استور گلگت بلتستان کے نوجوان آئی ٹی پروفیشنلز کے لئے مشعل راہ ہے۔

سید امین الحق نے کہا کہ گلگت بلتستان آئی ٹی پارک سے تجربات حاصل کرنے والے پروفیشنل سی پیک میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے سید امین الحق کی قیادت میں وزارت آئی ٹی کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں وزارت آئی ٹی نے اپنے منصوبوں میں شاندار کامیابی حاصل کی ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ فور جی نیٹ ورکنگ کے معاملے پر مقامی رہائشیوں کو مسائل کا سامنا ہے تاہم ان کی خواہش ہے کہ گلگت بلتستان میں بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کا کردار بڑھے۔ ہم اس کی تکنیکی وجوہات سے آگاہ ہیں، اس معاملے پر گلگت بلتستان حکومت اور عوام آپ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ورلڈ میں گلگت بلتستان کے لوگ بھی اپنا حصہ شامل کرنا چاہتے ہیں۔ امید ہے وزارت آئی ٹی کے مجوزہ منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں ٹیکنالوجی کا انقلاب آئے گا۔
 

Advertisement