پی ٹی آئی رکن اسمبلی خالد خورشید وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب

Published On 30 November,2020 04:56 pm

گلگت: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی خالد خورشید کو نیا وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب کر لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے اپوزیشن کی طرف سے پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی امجد ایڈوکیٹ امیدوار تھے۔ وزیراعلیٰ خالد خورشید کو 22 اراکین کی جبکہ اپوزیشن کے امجد ایڈوکیٹ کو 9 اراکین کی حمایت حاصل ہوئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 26 نومبر کو سید امجد علی زیدی گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر جبکہ پی ٹی آئی کے نذیر احمد ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئے تھے۔ سپیکر امجد علی نے 18 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے حریف غلام محمد نے آٹھ ووٹ حاصل کئے۔

ڈپٹی سپیکر نذیر احمد نے بائیس ووٹ حاصل کیے جبکہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار کو نو ووٹ ملے۔ بعد ازاں سبکدوش ہونے والے سپیکر فدا محمد ناشاد نے نئے منتخب سپیکر سے حلف لیا۔

قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے گلگت بلتستان اسمبلی کا سپیکر منتخب ہونے پر امجد علی زیدی کو مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئےخالد خورشید کا نام فائنل، وزیراعظم نےمنظوری دیدی

خیال رہے کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے ایڈووکیٹ خالد خورشید کا نام فائنل کر لیا گیا تھا۔ خالد خورشید ایڈووکیٹ ضلع استور سے رکن گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

انہوں نے 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اب وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے ان کے نام کا قرعہ نکلا ہے۔ خالد خورشید کی نامزدگی کیلئے وزیراعظم نے مرکزی اور گلگت بلتستان کی قیادت سے مشاورت کی تھی۔

ادھر گلگت بلتستان کی نئی کابینہ تشکیل دیتے ہوئے فتح اللہ خان کو پلاننگ اور ڈویلپمنٹ انفارمیشن کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزارت ورکس کے لیے وزیر سلیم نامزد جبکہ محکمہ جنگلات کے لیے راجہ زکریا اور وزیر تعلیم کے لیے اعظم خان کے نام فائنل کر لیے گئے ہیں۔

وزارت صحت کے لیے گلبر خان اور وزارت خوراک کے لیے شمس لون، وزارت پانی، بجلی کے قلمدان کے لیے مشتاق حسین، وزارت لوکل گورنمنٹ حاجی عبدالحمید اور ایگریکلچر کا قلمدان کاظم سنبھالیں گے۔

وزارت ٹورازم کیلئے راجہ ناصر عباس کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو بہترین کارکردگی پر شاباش بھی دی۔
 

Advertisement