اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے ایڈووکیٹ خالد خورشید کا نام فائنل کر لیا گیا۔ وزیراعظم نے ان کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
خالد خورشید ایڈووکیٹ ضلع استور سے رکن گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اب وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے ان کے نام کا قرعہ نکلا ہے۔ خالد خورشید کی نامزدگی کیلئے وزیراعظم نے مرکزی اور گلگت بلتستان کی قیادت سے مشاورت کی تھی۔
ادھر ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کی نئی کابینہ تشکیل دیتے ہوئے فتح اللہ خان کو پلاننگ اور ڈویلپمنٹ انفارمیشن کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزارت ورکس کے لیے وزیر سلیم نامزد جبکہ محکمہ جنگلات کے لیے راجہ زکریا اور وزیر تعلیم کے لیے اعظم خان کے نام فائنل کر لیے گئے ہیں۔
وزارت صحت کے لیے گلبر خان اور وزارت خوراک کے لیے شمس لون، وزارت پانی، بجلی کے قلمدان کے لیے مشتاق حسین، وزارت لوکل گورنمنٹ حاجی عبدالحمید اور ایگریکلچر کا قلمدان کاظم سنبھالیں گے۔
وزارت ٹورازم کیلئے راجہ ناصر عباس کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو بہترین کارکردگی پر شاباش بھی دی۔
دوسری جانب وزیراعظم کے زیر صدارت ترجمانوں اور پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور جبکہ گلگت بلتستان حکومت سازی اور کورونا کے بڑھتے خطرات بارے غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران اپوزیشن بیانیہ اور ممکنہ تحریک سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت بھی کی گئی جبکہ مہنگائی کے خلاف اقدامات اور معاشی اہداف کے حصول پر بھی بات چیت کی گی۔