واٹس ایپ پرائیویسی پالیسی موخر، پاکستان کا خیر مقدم

Published On 17 January,2021 04:53 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) واٹس ایپ کی جانب سے پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کا عمل موخر کرنے پر پاکستانی حکومت نے اسے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے اس حوالے سے ٹویٹر پر لکھا کہ واٹس ایپ کا پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی پر عمل موخر کرنے کا فیصلہ یقیناً ایک مثبت قدم ہے۔ فیس بک جیسی کمپنیاں بہت بڑی آبادی کو متاثر کرتی ہیں، اس لئے یہ بات بہت اہم ہے کہ سکیورٹی کے حوالے سے فیصلے صارفین کے علم میں ہوں اور ڈیٹا کے تحفظ کو بہرصورت یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی ردعمل: واٹس ایپ کا ڈیٹا شیئرنگ اقدام تین ماہ کیلئے مؤخر

واضح رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے جمعہ کے روز پرائیویسی تبدیلی کا فیصلہ موخر کر دیا گیا تھا۔ واٹس ایپ نے یہ ڈیڈ لائن 15 مئی تک بڑھائی اور ایک بلاگ میں کہا کہ نئی آپشنز سے قبل پالیسی کی تبدیلی کے حوالے سے لوگوں کے تاثر کا جائزہ لیا جائے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ رازداری کی حالیہ پالیسی سے متعلق غلط فہمی کا خاتمہ ضروری ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے بھارت میں صارفین کا غصہ دور کرنے کیلئے ایک اشتہاری مہم بھی شروع کر دی ہے ، جس پر لاکھوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

 

Advertisement