گمشدہ اور چھینا گیا فون بند کرانے کا طریقہ متعارف

Published On 17 May,2021 09:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے گمشدہ یا چھینے گئے فون کو بلاک کرانے کا طریقہ کار متعارف کرا دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موبائل فون گم یا چھینے جانے کی صورت میں صارف کو سب سے زیادہ فکر موبائل میں موجود ڈیٹا کی ہوتی ہے جس کا غلط استعمال پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔

اسی ضمن میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آن لائن طریقہ صارفین کو بتایا ہے جس کے تحت گھر بیٹھے اپنی شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔

دی نیو لاسٹ اینڈ سٹولن ڈیوائس سسٹم کے تحت آپ شکایت کر سکتے ہیں۔ پی ٹی اے کی شکایت کی ویب سائٹ پر اپنی کچھ بنیادی تفصیلات بتانا ہوں گی جیسا کہ نام، پتا، ای میل اور شناختی کارڈ نمبر وغیرہ۔

اس کے علاوہ گمشدہ فون کی تفصیلات بھی بتانا ہوں گی۔ درخواست دائر کرانے کے بعد آپ کو ریفرنس نمبر دیا جائے گا جس کے بعد 24 گھنٹے کے اندر اندر فون بلاک کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب اگر آپ کا فون مل جاتا ہے تو اسی ویب سائٹ پر جا کر آپ ان بلاک کے آپشن کا انتخاب کر کے فون ان بلاک کر سکتے ہیں۔