کے ٹو بیس کیمپ پر ہائی سپیڈ انٹرنیٹ سروس فراہم

Published On 18 May,2021 05:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کوہ پیماؤں اور ٹریکنگ کرنے والے افراد کو رابطوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کے ٹو بیس کیمپ ایریا کنکورڈیا میں 4 جی بیس ٹرانسیور سٹیشن (بی ٹی ایس) لگا دیا۔

اس سائٹ کا نام کوہ پیما علی سدپارہ کی یاد میں رکھا گیا ہے۔ اس سائٹ کا افتتاح وزیراعظم پاکستان نے گلگت بلتستان کے حالیہ دورے کے دوران کیا تھا۔

خیال رہے کہ ٹیلی مواصلات اور انفارمیشن سوسائٹی کا عالمی دن گزشتہ روز منایا گیا تھا۔ اس کا مقصد اطلاعات اور مواصلات سے متعلق ٹیکنالوجی کے بارے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔

اس سال اس دن کا موضوع   مشکل کے اس وقت میں ڈیجیٹل منتقلی کو تیز کرنا   جس کا مقصد کورونا وائرس کی وباء کے دوران معاشروں کو فعال بنائے جانے کے عمل میں اطلاعات اور مواصلات سے متعلق ٹیکنالوجی کے اہم کردار پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔