بیجنگ: (دنیا نیوز) چین کا خلائی مشن کامیابی سے خلا کی طرف روانہ ہو گیا، تین چینی خلا باز شینزو 12 اسپیس فلائٹ کے ذریعے روانہ ہوئے۔
خلا باز 90 روز تک چین کے خلائی اسٹیشن کی تکمیل کے کام میں حصے لیں گے، یہ چین کا اب تک کا سب سے بڑا خلائی مشن ہے۔ ڈیوائن ویسل تیسرا مشن ہے جو چین کے 2022 تک مکمل کئے جانے والے خلائی سٹیشن کے پروگرام کا حصہ ہے۔ 4 مشنز ایسے ہوں گے جن میں انسانوں کو خلا میں بھیجا جائے گا۔ صحرائے گوبی سے خلا بازوں کی روانگی سے قبل تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد خلا بازوں کو دیکھنے پہنچی، اس موقع پر بچوں اور بڑوں کا جوش عروج پر تھا۔
واضح رہے کہ 2016 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ چین نے انسان پر مشتمل مشن خلا میں بھیجا ہے، امریکہ نے ایک قانون کے تحت ناسا کو چین سے کسی بھی قسم کے تعاون پر پابندی عائد کر رکھی ہے اس کے باوجود چین خلائی ٹیکنالوجی میں مسلسل ترقی جاری رکھے ہوئے ہے۔ چین نے مئی میں اپنی پہلی خلائی گاڑی کو مریخ کی سرخ زمین پر اتارنے کا مشن کامیابی سے مکمل کیا۔