ہم سائنس کے میدان میں کھویا مقام حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، شبلی فراز

Published On 16 June,2021 06:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ الجبرا،ریاضی اور دیگر سائنسی مضامین کی بنیاد مسلم سائنسدانوں نے رکھی، ہم سائنس کے میدان میں کھویا مقام حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوان سائنسدانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے، ہم نے سائنس وٹیکنالوجی کا بجٹ دگنا کر دیا ہے، ہم اپلائیڈ ریسرچ کی طرف جائیں گے۔

بدھ کو پاکستان سائنس فاؤنڈیشن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ ملکی اقتصادی ترقی کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی پر زیادہ توجہ دے رہی ہے،ہم نے موجودگی بجٹ میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فنڈز میں دگنا اضافہ کر دیا ہے۔پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے پروگرام سے ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن نوجوان سائنسدانوں کو تحقیق کیلئے ملک بھر میں موجود لیبارٹریوں تک یکساں رسائی کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے بین الاقوامی سطح پر اپنے صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے نوجوان پاکستانی سائنسدانوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان بچوں نے محرومیوں کو مواقع میں بدل کر دکھایا،اہم چیز سوال کرنا ہے، سوال کرنے سے انسان آگے بڑھتا ہے۔ریاضی، الجبرا کی بنیاد ہم نے رکھی پھر ہم پیچھے رہ گئے۔وفاقی وزیر نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ تحقیق پر زیادہ توجہ مرکوز کریں اور چیزوں کی تہہ تک جائیں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ میں جو کچھ ہوا افسوسناک ہوا،ماضی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ دھنگا مشتی اور کام نہ کرنے دینا اور پارلیمنٹ کی کارروائی میں مخل ہونے کی جو مثالیں قائم کی ہیں،اس میں اس کا بڑا عمل دخل ہے،ہم نے یہ بھی دیکھنا ہے کہ کیا اپوزیشن ملک کیلئے کام کر رہی ہے،کیا وہ ملکی مسائل پر بات کرنا یا قانون سازی چاہتی ہے؟جو ہمیں پچھلے اٹھائیس سال میں نظر نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن منفی کردار ادا کر رہی ہے جو ملک اور عوام کیلئے بھی ٹھیک نہیں ہے،اپوزیشن۔کو زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پی سی سی ایکٹ کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ اس تبدیلیوں کی کتنی گنجائش ہے،وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پی سی سی کو ایک مثالی ادارہ بنائیں گے۔