پشاور میں آزمائشی بنیادوں پر فائیو جی سروس کا آغاز کر دیا گیا

Published On 17 June,2021 11:01 pm

پشاور: (ویب ڈیسک) انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خیبر پختونخوا اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کے درمیان معاہدے کے تحت پشاور میں 5 جی ٹیکنالوجی کی کامیاب آزمائش کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کامیاب آزمائش میں پاکستان میں 5 جی ٹیکنالوجی کی ایپلی کیشنز، کلاؤڈ گیمنگ اور ریموٹ سرجری کنسپٹ کے جائزے کو بھی شامل کیا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کا نظام اور بنیادی ڈھانچہ فعال ہونے کی صورت میں ماہرین دور دراز علاقوں میں کام کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔

دوسری جانب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خیبر پختونخوا کی جانب سے بھی جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کے پی کے ملک کا ایسا پہلا صوبہ ہے جہاں فائیو جی سروس کی آزمائش شروع کی گئی ہے۔

فائیو جی انٹرنیٹ کی رفتار فور جی کی حالیہ دستیاب سے 10 گنا زیادہ ہوگی۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے آرٹیفیشل آرمز بھی کام کرنے کی صلاحیت حاصل کر لیں گے۔ اس کے علاوہ فلموں اور گیمز کے حوالے سے بھی بہت زیادہ فوائد ہیں۔

اس حوالے سے میڈٰیا سے بات چیت میں صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا تھا کہ اب دنیا میں ترقی کی تعریف بدل جائے گی، اب جہاں فائیو جی کی سہولت ہوگی اس ملک کے لوگ ترقی یافتہ کہلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فائیو جی کے حوالے سے منفی تصور غلط ہے، اس کے منفی پہلو پر کسی قسمم کی کوئی تحقیق نہیں ہے، حالانکہ بہت سے ملکوں میں فائیو جی کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنا بجٹ 12 سے 14 ارب روپے تک بڑھا رہے ہیں جو پہلے 43 کروڑ روپے تھا، صوبائی محکموں کو زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹائز کریں گے اور آئی ٹی سیکٹر کو بھی پروموٹ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں 40 کینال کا ڈیجیٹل کمپلیکس، ایبٹ آباد میں آئی ٹی، مردان میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون جبکہ سوات میں بھی آئی ٹی پارک بنے گا اور 25 کالجوں میں انٹرنیٹ مہیا کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سالانہ ترقیاتی بجٹ میں آئی ٹی سیکٹر کے میگا منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جس سے عوام کو خدمات کی فراہمی سمیت کرپشن کا بھی خاتمہ ہوگا اور صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مذکورہ منصوبوں کے قیام سے نوجوان نسل کو روزگار کے مواقع فراہم ہونے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔

عاطف خان نے کہا کہ سیاحتی مقامات سمیت دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں سے جدید خطوط پر روابط بنانے کے لیے فائبر کنکٹیویٹی کے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ تیز ترین انٹرنیٹ روابط کو یقینی بنایا جا سکے۔
 

 

Advertisement