ٹیسلا کمپنی کا انسان نما روبوٹ بنانے کا اعلان

Published On 23 August,2021 12:54 pm

ٹیکساس:(روزنامہ دنیا) سٹارلنک سیٹلائٹ، دماغی چپ اور خودکار ٹیسلا کار بنانے والی کمپنی نے اعلان کیا ہےکہ اس نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی انسان نما (ہیومونائڈ) روبوٹ پر کام شروع کردیا ہے ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس روبوٹ کو ٹیسلا نے آپٹیمس کا نام دیا ہے ۔ٹیسلا کے مطابق سمارٹ روبوٹ ‘خطرناک، بار بار انجام دئیے جانے والے اکتاہٹ بھرے ’ کاموں کو انجام دے سکے گا۔ آپٹیمس کی اونچائی 173 سینٹی میٹر اور وزن 57 کلوگرام کے قریب ہوگا۔

اسے حرکت دینے کیلئے کل 40 ایکچوایٹرز نصب کئے جائیں گے ۔ تمام ایکچوایٹرز برقی مقناطیسی انداز میں کام کرتے ہوئے روبوٹ کے مختلف حصوں کو حرکت دیں گے ۔ بعض اطلاعات کے مطابق یہ حتمی ڈیزائن نہیں کیونکہ چہرے پر ڈسپلے ظاہر کیا جائے گا۔ ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ اگلے سال روبوٹ کا پہلا نمونہ سامنے آجائے گا اور وہ 20 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔