ٹیکنالوجی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم عمران خان

Published On 23 August,2021 09:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکنالوجی کا فروغ، تعلیمی اداروں، صنعتی شعبے اور حکومتی اداروں کی مضبوط پارٹنرشپ کا قیام اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لئے موافق فضا کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو ہر وہ سہولت فراہم کر رہی ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک میں میسر آتی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بات ملک میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس کی صدارت کتتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر سید شبلی فراز، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، وزیر برائے آئی ٹی خیبر پختونخوا عاطف خان، صوبائی وزیر برائے صنعت بلوچستان حاجی محمد خان طور، صوبائی وزیر برائے آئی ٹی پنجاب ہمایوں یاسر و دیگر سینئر افسران شریک جبکہ وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر ، وزیر اعلی پنجاب، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان اور دیگر صوبوں کے نمائندگان کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

چئیرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی عامر ہاشمی نے اجلاس کو ملک میں مختلف سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام اور ان زونز میں سرمایہ کاروں کو میسر سہولیات اور مراعات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں قائم ہونے والے سپیشل ٹیکنالوجی زونز کا مقصد ٹیکنالوجی ٹرانسفر، غیر ملکی سرمایہ کاری، افرادی قوت کا فروغ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں برآمدات کو بڑھاتے ہوئے درآمدت کا متبادل پیدا کرنا ہے۔

شرکا کو سپیشل ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاروں کو وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مراعات و سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ کاروباری برادری کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشنز کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کو کسی بھی قسم کی دقتت سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ اکتوبر کے مہینے میں دبئی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ایکسپو جیسے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور ملک کے سپشل ٹیکنالوجی زونز میں میسر مواقع کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے۔