ریل کی پٹڑیوں کا معائنہ کرنے والا چوکیدار ڈرون تیار

Published On 27 August,2021 02:29 pm

ناروے :(روزنامہ دنیا) ریلوے لائن کی پٹڑیوں کا مسلسل جائزہ لینا ضروری ہوتا ہے اور اب اس کیلئے پٹڑیوں پر چل کر ان کا معائنہ کرنے والا ڈرون تیار کیا گیا ہے جسے سٹاکر بی جی 300 کا نام دیا گیا ہے

میڈیا رپورٹ کے مطابق ناروے کی ایک کمپنی نورڈِک ان مینڈ نے اس ڈرون کو تیار کیا ہے جس میں توانائی پہنچانے والے سیل نصب ہیں۔ اس کے خاص پہیے اسے ریلوے لائن پر عین ٹرین کی طرح چلنے میں مدد دیتے ہیں تاہم جیسے ہی سامنے سے ریل آتی ہے وہ اسے محسوس کرکے ہوا میں بلند ہوجاتا ہے ۔ ریل گزرنے کے بعد وہ دوبارہ پٹڑی پکڑ لیتا ہے اور اس پر چلنے لگتا ہے ۔ اسے اڑانے کے لیے بہت سی پنکھڑیاں لگائی گئی ہیں۔

جدید ترین کیمروں اور سینسر کی مدد سے یہ پٹڑیوں میں ٹیڑھ یا خامی نوٹ کرتا رہتا ہے ۔ اگر کسی پرزے پر زنگ چڑھ رہا ہوتو وہ اس پر تیل کی پھوار بھی ڈال سکتا ہے ۔ یہ ڈرون یورپی ریلوے نیٹ ورک کی مدد کیلئے تیار کیا گیا ہے ۔