پشاور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے خیبر پختونخوا نے تفتیش میں روایتی طریقہ کار کو ختم کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیئے، تمام تحقیقات اب آن لائن ہونگی، ای انویسٹی گیشن کے تحت تفتیش کا کام بھی آسان ہوگا، ابتدائی مرحلے میں پشاور سے کام کا آغاز کردیا گیا۔
ایف ائی اے نے بڑا اقدام کرتے ہوئے لمبے عرصے پر محیط انکوائریوں میں سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اب تمام انکوائریاں ای انویسٹی گیشن کے ذریعے کی جائیں گی۔
دور دراز سے عوام اب ایف آئی اے کو واٹس ایپ، زوم سمیت دیگر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رابطہ بھی کرسکیں گے، مختلف تحقیقات کے سلسلے میں بیانات آن لائن ریکارڈ ہوں گے، ایف اٗئی اے کے افسران بھی اس ٹیکنالوجی کافائدہ اٹھاتے ہوئے تفتیش بھی کر سکیں گے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے خیبر پختونخوا کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے تمام انویسٹی گیشن آفیسرز کو لیپ ٹاپ سمیت دیگر سہولیات سے اراستہ کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں ای انویسٹی گیشن کا آغاز پشاور سے کر دیا گیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں دیگر زونل دفاتر میں بھی کام شروع کیا جائے گا۔