میونخ (ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق کے مطابق مستقبل میں ایک ایسی ڈِش واشر ٹیکنالوجی متعارف کرائی جاسکتی ہے جو پانی، بجلی اور ڈٹرجینٹ پر خرچ ہونے والے پیسے بچا سکتی ہے۔
جرمنی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی آف ڈورٹمنڈ اور ٹیکنیکل یونیورسٹی آف میونخ کی جانب سے کی جانیوالی تحقیق میں محققین نے ڈِش واشر سسٹم کا ایک ایسا نمونہ بنایا جو برتنوں کو صاف کرنے کے لئے صابن کے بجائے انتہائی گرم بھانپ کو استعمال کرتا ہے۔
یہ ’سُپر ہیٹڈ اسٹِیم‘ دراصل انتہائی بلند درجہ حرارت کے بخارات ہوتے ہیں جو ابلتے ہوئے پانی سے نکلنے والی بھانپ سے بنائے جاتے ہیں۔
کمپیوٹر پر آزمائے جانے والے نمونوں کے نتائج کے مطابق یہ ڈِش واشر ایک پلیٹ پر موجود 99 فی صد بیکٹریا کو صرف 25 سیکنڈز میں صاف کر سکے گا۔
محققین کا کہنا تھا کہ ڈِش واشر کے لیے اس انتہائی گرم بھانپ کا استعمال، پانی کی کھپت اور صفائی کے وقت میں کمی اور بغیر کیمیکلز کے استعمال کے، ریسٹورنٹ، ہوٹل اور ہسپتالوں میں انتہائی روشن مستقبل رکھتا ہے۔