فلاڈیلفیا: (ویب ڈیسک) کیچپ بنانے والی مشہور کمپنی ہائنز نے کیچپ کے داغ والے کپڑوں کا برانڈ شروع کیا ہے اور اس کی رقم غریب افراد کی مدد کے لیے خرچ کی جائے گی۔
کمپنی نے استعمال شدہ کپڑے فروخت کرنے والی ایک تنطیم تھریڈ اپ سے رابطہ کیا ہے اور وہاں سے بطورِ خاص کیچپ کے داغ والے کپڑے جمع کئے گئے ہیں، لیکن ان میں بھی مشہور برانڈ مثلاً ری بوک، گوشی اور دیگر برانڈ کے کپڑے لئے گئے ہیں، کوشش کی گئی ہے کہ فیشن صنعت سے وابستہ بڑی کمپنیوں کے ایسے پرانے لباس تلاش کئے جائیں جن پر کسی جگہ کیچپ کا نشان لگا ہو۔
ہائنز نے کہا ہے کہ بہت کوشش کے بعد کیچپ کے داغ والے 157 کپڑے ملے ہیں جن پر ہر داغ کا انداز الگ اور جدا ہے، ان میں بہت چھوٹے سے لے کر غیرمعمولی طور پر بڑے کپڑے شامل ہیں اور 13 ستمبر کو مزید کپڑے شامل کئے جائیں گے۔
ہرلباس سے حاصل شدہ رقم غریب ملکوں میں غربت ختم کرنےمیں استعمال کی جائے گی۔