نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب اپنی بیوی سے تنگ شوہر نے 80 فٹ اونچے کھجور کے درخت پر 1 ماہ تک رہائش اختیار کئے رکھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شخص اپنی بیوی کے جھگڑوں اور مار پیٹ سے تنگ آکر گزشتہ ایک ماہ سے 80 فٹ اونچے کھجور کے درخت پر رہ رہا ہے، یہ عجیب واقعہ اتر پردیش کے ماؤ ضلع کے کوپا گنج علاقے کا ہے۔
42 سالہ رام پرویش کی گزشتہ 6 ماہ سے اپنی بیوی سے لڑائی چل رہی تھی، اس نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس کی بیوی نے اسے مارا پیٹا، وہ اپنی بیوی کے رویے سے اتنا ناراض ہوا کہ درخت پر چڑھ گیا اور ایک ماہ سے وہیں رہ رہا ہے، اس کا خاندان کھانا اور پانی کو درخت کے پاس رسی سے باندھ کر لٹکا دیتا ہے، جسے وہ اوپر سے کھینچتا ہے۔
گاؤں والوں کے مطابق رام پرویش رات کے کسی وقت درخت سے نیچے اترتا ہے، انہوں نے رام پرویش کو نیچے آنے کو کہا لیکن اس نے انکار کر دیا، اس کے بعد گاؤں والوں نے پولیس کو بلایا، جب رام پرویش نے کئی درخواستیں کرنے کے باوجود ان کی بات نہیں مانی تو وہ اس کا ویڈیو بنا کر چلے گئے۔
گاؤں کے سربراہ دیپک کمار نے کہا کہ گاؤں والوں نے اس کے کھجور کے درخت پر رہنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملحق بہت سے مکانات ہیں، وہ دیکھتا رہتا ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں کیا کر رہے ہیں اور اس سے ان کی پرائیویسی متاثر ہوتی ہے، گاؤں کی بہت سی خواتین نے آکر ہم سے اس کی شکایت کی ہے، ہم نے اس کے بارے میں پولیس کو اطلاع دی لیکن وہ آئے ویڈیو بنائی اور چلے گئے۔
رام پرویش کے والد شری کیشن رام نے بتایا کہ گاؤں کے آس پاس کے لوگ اسے دیکھنے کے لیے روزانہ آتے ہیں۔