اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں واٹس ایپ سروسز 2 گھنٹے متاثر رہنے کے بعد بحال ہونا شروع ہوگئیں۔
واضح رہے کہ سماجی رابطوں کی مقبول ترین ایپلیکیشن واٹس ایپ کی سروسز متاثر ہوگئی ہیں، صارفین کی جانب سے واٹس ایپ نہ چلنے کی شکایات سامنے آرہی تھیں جس کے نتیجے میں انہیں رابطوں اور ضروری امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صارفین کا کہنا تھا کہ نہ ہی ان باکس اور نہ ہی گروپس میں پیغامات، تصاویر، ویڈیوز اور دیگر فائلز ارسال ہورہی ہیں، واٹس ایپ بند ہونے کی کوئی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی اور کمپنی نے بھی اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔
علاوہ ازیں وہ صارفین جو واٹس ایپ کا ڈیسک ٹاپ ورژن استعمال کر رہے ہیں انہیں فون سے ایپ کنیکٹ کرنے میں بھی مسائل پیش آئے۔