ایک بٹن دبانے سے جسامت بدلنے والا پہلا فون تیار

Published On 26 October,2022 12:25 pm

ہانگ کانگ: (ویب ڈیسک)عموماً ہم نے جسامت بدلنے والے فلپ اور فولڈ دیکھے یا خریدے ہوں گے تاہم اب موٹرولا نے تیسری قسم کے فون کا تصور پیش کیا ہے جو ایک بٹن دبانے سے رول کی طرح کھل جاتا ہے لیکن سکرین مکمل طور پر ہموار ہی رہتی ہے۔

اس سے قبل ہم فولڈ اور فلپ فون میں دیکھ چکے ہیں کہ وسیع سکرین کے باوجود فولڈ ہونے سے عین درمیان میں ایک تہہ دکھائی دیتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ فون زیادہ مقبول نہ ہوسکے۔

اب موٹرولا نے اپنی مرکزی کمپنی لینووو ٹیک ورلڈ کانفرنس 2022 میں اپنے انوکھے سمارٹ فون کا تصور پیش کیا ہے تاہم ایل جی اور ٹی سی ایل بھی عین انہی خطوط پر کام کر رہی ہے لیکن موٹرولا نے بازی لے جاتے ہوئے شکل و جسامت بدلنے والے فون کا ایک ماڈل پیش کر دیا ہے۔

موٹرولا نے اسمارٹ فون کو رول ایبل یا رول ہونے والا فون قرار دیا ہے، اس میں ایک چھوٹا فون بٹن دبانے پر لمبا ہوجاتا ہے، اس کے بعد آپ فون پر ویڈیو دیکھ سکتے ہیں یا گیم کھیل سکتے ہیں جو بڑے اسکرین پر بہتر دکھائی دیتے ہیں۔

رول ہونے والے فون کے ضمن میں ایل جی نے بھی ایک کوشش کی تھی لیکن اس کی مزید تفصیل منظرِ عام پر نہ آسکیں تاہم توقع ہے کہ جلد دیگر کمپنیاں بھی رول ایبل فون پیش کریں گی۔

اسمارٹ فون کے تجزیہ نگاروں کے مطابق رول ہونے والے فون کا مستقبل بہت روشن ہے۔