ٹوئٹر کے بلیو ٹک کیلئے ہر ماہ 8 ڈالرز دینا ہی پڑینگے: ایلون مسک

Published On 01 November,2022 11:05 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) ٹیسلا کے بانی اور حال ہی میں ٹوئٹر کو خریدنے والے ایلون مسک نے واضح انداز میں کہا ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے بلیو ٹک کو حاصل کرنے کے لئے صارفین کو ہر ماہ 8 ڈالرز دینا ہی پڑیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے ٹوئٹر کے واحد مالک ایلون مسک نے لکھا کہ ٹوئٹر کا موجودہ سسٹم جو کہ اعلیٰ اور نچلے درجے کے لوگوں میں تقسیم کیا گیا ہے وہ سراسر بکواس ہے۔

اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ بلیو ٹک کی قیمت خرید کی طاقت کی برابری کے تناسب سے ملک کے لحاظ سے ایڈجسٹ کی جاتی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اس سے آپ کو رپلائیز، مینشن اور سرچ میں ترجیح دی جائے گی جو کہ اسپام اور دھوکہ دہی کو شکست دینے کے لیے ضروری ہے، اس سے طویل ویڈیو اور آڈیو پوسٹ کرنے کی صلاحیت بھی مہیا ہوگی جبکہ ویڈیو کا آدھا حصہ اشتہارات پر مبنی ہوگا۔

ایلون مسک نے لکھا کہ ہمارے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند پبلشرز کے لیے پے وال بائی پاس کی سہولت بھی میسر ہوگی۔