کینیڈین وزیراعظم اور امریکا کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت

Published On 03 November,2022 10:47 pm

واشنگٹن: ( دنیا نیوز ) کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور امریکا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کر دی۔

خیال رہے کہ وزیرآباد میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی گئی جس سے سابق وزیراعظم، سینیٹر فیصل جاوید اور پی ٹی آئی رہنما احمد چٹھہ سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان کے عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

عمران خان پر حملہ نا قابل قبول ہے: جسٹن ٹروڈو

 کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر حملہ نا قابل قبول ہے۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کے حامیوں پر حملہ نا قابل قبول ہے، اس تشدد میں شدید مذمت کرتا ہوں۔

کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی معاشرے، جمہوریت اور سیاست میں اس کی کوئی جگہ نہیں، عمران خان اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

یورپی یونین حکام

پاکستان میں یورپی یونین کے حکام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر حملے کے بعد سکتے میں ہیں، تشدد کسی بھی صورت ناقابل قبول ہے، یہ افسوسناک واقعہ ہے، ہم تمام زخمیوں کی مکمل صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔

 

 

Advertisement