'اللہ کپتان کو سلامت رکھے'، بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں کی عمران پر حملے کی مذمت

Published On 03 November,2022 07:32 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، شاداب خان سمیت دیگر کھلاڑیوں نے شدید مذمت کی ہے۔

خیال رہے کہ وزیرآباد میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی گئی جس سے سابق وزیراعظم، سینیٹر فیصل جاوید اور پی ٹی آئی رہنما احمد چٹھہ سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے۔

اس واقعہ کے بعد کھیلوں کی دنیا کے بڑے ناموں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔

بابر اعظم

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر اس گھناؤنے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اللہ کپتان کو سلامت رکھے اور ہمارے پیارے پاکستان کی حفاظت فرمائے، آمین۔

شاداب خان

نائب کپتان شاداب خان نے بھی ٹوئٹر کا سہارا لیا اور لکھا کہ ابھی خبر سنی ہے، اللہ سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے، سب کو صحت دے، دعا ہے کہ واقعے کی تحقیقات ہوگی اور پاکستان میں امن ہمیشہ قائم رہے گا۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ دعا ہے عمران خان ٹھیک ہوں اور جو جو اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں وہ جلد سے جلد صحتیاب ہو جائیں، میری پورے ملک سے گزارش ہے کہ امن قائم رکھیں۔

افتخار احمد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے بھی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ عمران خان بھائی پورے پاکستان کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، اللہ بہت جلد آپ کو اور آپ کے سارے کارکنوں کو جلد سے جلد شفا دے، آمین۔

محمد حفیظ

قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ عمران خان پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، دعا ہے کہ وہ محفوظ رہیں اور جلد صحتیاب ہوں، آمین۔

شعیب اختر

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے شہرت حاصل کرنے والے سپیڈ سٹار شعیب اختر نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ عمران خان پر حملے کے بارے میں سنا، الحمد للہ وہ ٹھیک ہیں اور ان کا جذبہ بلند ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے حملے کے بعد کا ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے مذمت کی۔
 

Advertisement