عمران خان پر حملہ، ملزم نوید کے بھائی اور اہلخانہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا

Published On 03 November,2022 09:32 pm

وزیرآباد: ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں فائرنگ کرنے والے ملزم نوید کے بھائی اور دیگر اہلخانہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

خیال رہے کہ وزیرآباد میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی گئی جس سے سابق وزیراعظم، سینیٹر فیصل جاوید اور پی ٹی آئی رہنما احمد چٹھہ سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کی حراست میں حملہ کرنے والے ملزم نوید نوید کے گھر پر تالے لگ گئے، نوید پلمبر کا کام کرتا تھا، پولیس نے اس کے بھائی اور دیگر اہل خانہ کو حراست میں لے لیا ہے، ملزم کے دو کمسن بیٹے ہیں۔

ملزم کے محلہ داروں نے اس حوالے سے کہا کہ نوید خاموش طبیعت کا مالک تھا، پوری دنیا میں اس نے سوہدرہ کا نام بدنام کر دیا ہے، وہ محلے میں کم ہی اٹھتا بیٹھتا تھا۔

 کنٹینر حملے میں ملوث ملزم کا بیان لیک، متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت عملہ معطل

 وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے وزیر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کے بیان لیک کرنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت سارے عملے کو معطل کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وزیر آباد میں لانگ مارچ میں کنٹینر پر فائرنگ کے واقعہ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران چودھری پرویز الٰہی نے فائرنگ کرنے والے ملزم کا ویڈیو بیان لیک کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت سارے عملے کو معطل کر دیا۔

انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس کو غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی ہدایت کردی جبکہ تھانے کے تمام عملے کے موبائل قبضے میں لے لئے گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی کو ہدایت کی کہ موبائل فونز کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا، بیان لیک ہونے کے واقعہ کی انکوائری ہو گی، تحقیقات کرکے محرکات سامنے لائے جائیں۔

Advertisement