فیس بک نے ٹک ٹاک سے نمبر ون پوزیشن چھین لی

Published On 28 December,2022 03:44 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) فیس بک نے سال 2022ء کی مقبول ترین سوشل میڈیا سائٹ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا، رواں سال فیس بک مقبولیت میں نمبرون پوزیشن پر رہی جبکہ ٹک ٹاک کا دوسرا نمبر ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا میں سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی سائٹ گوگل ہے کیونکہ لوگ انٹرنیٹ پر کچھ بھی سرچ کرنے کے لیے گوگل کا ہی رخ کرتے ہیں لیکن حیران کن طور پر 2021 میں دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹ کا اعزاز گوگل کی بجائے ٹک ٹاک کے نام رہا تھا۔

ٹک ٹاک نے فروری 2021 میں پہلی بار سب سے مقبول ویب سائٹ کا اعزاز محض ایک دن کے لیے حاصل کیا، ٹک ٹاک کی نمبر ون پوزیشن زیادہ دن تک برقرار نہ رہی تاہم بعدازاں ٹک ٹاک نے 2021ء میں مقبول ترین ویب سائٹ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

سال 2022ء کے اعداد و شمار کے مطابق ٹک ٹاک کی گوگل اور فیس بک کے خلاف بالادستی برقرار نہیں رہی، کلاؤڈ فلیئر کی 2022 کی مقبول ترین ویب سائٹس کی فہرست میں گوگل نے ایک بار پھر نمبرون پوزیشن حاصل کرلی ہے، فیس بک دوسرے جبکہ ایپل اور ٹک ٹاک مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

سال 2022ء کی مقبول ترین سوشل میڈیا سائٹس میں فیس بک نمبرون پوزیشن پر موجود ہے جس کے بعد ٹک ٹاک کا دوسرا نمبر ہے، انسٹاگرام تیسرے، ٹوئٹر چوتھے جبکہ اسنیپ چیٹ 5ویں نمبر پر مقبول ترین سوشل میڈیا سائٹ رہی، عام ویب سائٹس اور سوشل میڈیا ویب سائٹس دونوں فہرستوں کے ٹاپ 10 میں واٹس ایپ موجود شامل نہیں ہے۔