ہندوستانی کال سینٹرز کا امریکیوں کے ساتھ 10 بلین ڈالرز سے زائد کا فراڈ:رپورٹ

Published On 29 December,2022 05:23 am

واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) بھارت میں غیر قانونی کال سینٹرز چلانے والے دھوکہ باز امریکہ میں مقیم لوگوں بالخصوص بزرگ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سال 2022 کے دوران غیر قانونی ہندوستانی کال سینٹرز نے فراڈ کے ذریعے امریکی شہریوں سے 10 بلین ڈالرز سے زائد کی رقم لوٹ لی۔

رپورٹ کے مطابق فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) ساؤتھ ایشیا کے سربراہ نے انکشاف کیا کہ غیر قانونی کال سینٹرز کی جانب سے کی جانے والی کالز کا زیادہ ہدف بالغ افراد ہیں جنہیں ٹیک سپورٹ، کاروباری سرمایہ کاری اور رومانس سے متعلق کالز کی آڑ میں لوٹا گیا۔

ایف بی آئی کی جانب سے سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق رواں سال کال سینٹر سکیمنگ میں اضافہ ہوا ہے اور صرف 2022 کے 11 مہینوں میں امریکی شہریوں کے ساتھ 10.2 بلین ڈالر سے زیادہ کا فراڈ کیا گیا جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے کیونکہ امریکی شہریوں کو گزشتہ سال کال سینٹرز کے فراڈ میں 6.9 بلین ڈالر کا نقصان ہوا۔

موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایف بی آئی نے نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے میں مستقل مندوب مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ہندوستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ان غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کرے گا۔