چین کی لیتھیم آئن بیٹری مصنوعات کی برآمدات میں 87 فیصد اضافہ

Published On 26 December,2022 01:19 am

بیجنگ : (ویب ڈیسک ) چین کی لیتھیم آئن بیٹری مصنوعات کی برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت 87 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداے کے مطابق چین کی لیتھیم آئن بیٹری کی صنعت میں سال 2022 کے پہلے 10 ماہ کے دوران تیزی سے توسیع ہوئی ہے ۔جنوری سے اکتوبر کے عرصہ کے دوران لیتھیم آئن بیٹریوں کی مجموعی پیداوار 580گیگا واٹ۔گھنٹے (جی ڈبلیو ایچ)سے تجاوز کر گئی ہے ۔

اعدادو شمار کے مطابق خاص طور پر صارفین کی مصنوعات کے لیے استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریوں کی پیداوار 84 گیگا واٹ گھنٹے سے تجاوز کر گئی جبکہ نیو انر جی وہیکلز(این ای ویز) کے لیے پاور بیٹریوں کی تنصیب کی صلاحیت پہلے 10 ماہ کے دوران تقریبا 224 گیگا واٹ گھنٹے تک پہنچ گئی ہے ۔

چائنہ پیسنجر کار ایسوسی ایشن کے مطابق جنوری سے نومبر تک کے عرصہ کے دوران ملک میں ریٹیل ذرائع سے نئی توانائی والی مسافر گا ڑیوں کے50 لاکھ 30 ہزار یونٹس فروخت کیے گئے ہیں جوکہ ایک سال قبل کے مقابلے میں 100.1فیصد زیادہ ہیں۔