ٹوئٹر کے فیچر میں تبدیلی پر ایلون مسک کو تنقید کا سامنا

Published On 24 December,2022 12:10 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے دنیا بھر میں مقبول مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے فیچر میں ایک اور تبدیلی کر دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ نے ایلون مسک کے حکم پر خودکشی سے بچانے والا فیچر دیئر از ہیلپ (ThereIsHelp) ہٹا دیا ہے۔

دیئر از ہیلپ کا فیچر ان ممالک کے سرچ بار میں سب سے اوپر دکھائی دیتا تھا جہاں دماغی صحت، ایچ آئی وی، ویکسینی، بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات، کووڈ 19، نسلی تعصب، قدرتی آفات اور آزادی اظہار رائے جیسے مسائل ہوں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کا خودکشی سے بچانے والا فیچر ہٹانے کے معاملے سے متعلق جاننے والے دو افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتانا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے دیئر از ہیلپ کا فیچر ہٹا دیا گیا ہے تاہم تاحال یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ ایلون مسک نے ایسا کیوں کیا ہے۔

ایلون مسک نے خودکشی سے بچانے اور دیگر معلومات فراہم کرنے والے فیچر کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ٹوئٹر کونٹنٹ ایڈوائزی گروپ سے حال ہی میں ہٹائے گئے ایلیانی عبدالرحمان نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دیئر از ہیلپ کے فیچر کو ہٹانا ناصرف مضحکہ خیز بلکہ باعث باعث تشویش بھی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی دیئر از ہیلپ فیچر کو ہٹائے جانے پر ٹوئٹر اور ایلون مسک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ٹوئٹر کی ٹرسٹ اور سیفٹی کی سربراہ ایلا ارون کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم اپنے پلیٹ فارم میں کچھ خامیوں اور دیگر چیزوں کو درست کر رہے ہیں، کچھ چیزیں عارضی طور پر ہٹائی گئی ہیں، امید ہے کہ جو چیزیں ہٹائی گئی ہیں وہ اگلے ہفتے تک دوبارہ آ جائیں گی۔