کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل نے سرچ کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ایک نئے آپشن کی آزمائش کردی جس میں ویڈیو کلپس کےاندر بھی ٹیکسٹ سرچ کیا جاسکتا ہے۔
توقع ہے اس طرح صارفین مطلوبہ ویڈیوز کی بہتر سرچ کرسکیں گے اوراس پر ایس ای او کی نئے سرے سے تدوین ہوسکےگی۔
فی الحال اسے بھارت میں آزمایا گیا ہے جو ویڈیو میں شامل کئے جانے والے یا ازخود بننے والے کیپشن کو سرچ کرسکتا ہے اس سے صارفین کسی بھی ویڈیو کا ضروری حصہ دیکھ سکیں گے اور دوسری جانب مارکیٹنگ اور اشتہارات میں بھی بہتری واقع ہو گی۔
اگرچہ گوگل نے اپنی ایپ یوٹیوب کے لیے سرچ کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش ایک عرصے سے شروع کردی ہے لیکن سب سے پہلے 2021 میں ویڈیو کو چیپٹر میں بانٹنا شروع کیا گیا تھا، اس کے بعد گزشتہ برس اکتوبر میں ویڈیو ٹرانسکرپٹس کی سرچ میں بہتری کی گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس کے بعد سرچ انجن آپٹمائزیشن (ایس ای او) کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور نت نئے ٹیکسٹ سرچ ٹولز سامنے آئیں گے۔
اس طرح یوٹیوبر بھی اپنے کیپشن اور ٹیکسٹ کو بہتر بناسکیں گے، سب سے بڑھ کر یوٹیوب ویڈیو کو گوگل میں سرچ کے قابل بنایا جاسکے گا جس سے بہت اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔