کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں جامعات میں اعلیٰ تعلیم پر پابندی کے خلاف خواتین نے شدید احتجاج کیا جبکہ حکام نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مظاہرہ کرنے والی خواتین نے کہا کہ طالبان نے خواتین کو جامعات سے نکال دیا ہے، ہماری مدد کریں، حقوق سب کے لیے ہوں یہ پھر کسی کے لیے نہیں۔
رپورٹ کے مطابق احتجاج کرنے والوں میں سے ایک خاتون نے کہا کہ خواتین پولیس اہلکاروں نے کچھ مظاہرین کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے دو کو رہا کیا گیا اور متعدد مظاہرین پولیس کی حراست میں ہیں۔
واضح رہے کہ 20 دسمبر کو افغانستان کے وزیر تعلیم برائے اعلیٰ تعلیم نے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں خواتین کی تعلیم پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔