لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے صوبے میں یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب کے تنظیمی عہدیداروں کا اجلاس آج طلب کر لیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق صدرمسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ کی زیرسربراہی اجلاس میں ڈویژنل و ضلعی عہدیدار شریک ہوں گے، رانا ثناء اللہ تمام عہدیداروں سے تنظیم سازی کے معاملات پر رپورٹ لیں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جن جن ڈویژنز اور اضلاع میں یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی کا عمل مکمل نہیں ہوا ہو گا وہاں کے عہدیداروں کی بازپرس کی جائے گی، اس موقع پر مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان 180 ایچ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ پارٹی قائد نواز شریف نے ستمبر میں پارٹی کی یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی 3 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔