لاہور: (لیاقت انصاری) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز نے آرمی چیف کی کمان کی تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ساتھ دلچسپ مکالمہ کے دوران کہا کہ رانا صاحب ’’اسمبلیاں ٹُٹن دا معاملہ اللہ تے سُٹ دیو‘‘۔
تفصیلات کے مطابق جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کے 17 ویں سپہ سالار کی حیثیت سے کمان سنبھال لی، سبکدوش ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان ان کے سپرد کی۔
جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقدہ پر وقار تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی۔ پاک فوج کی کمان بدلنے کی تقریب کے آغاز میں یاد گار شہدا پر حاضری کے بعد پاک فوج کی مختلف رجمنٹس سے تعلق رکھنے والے دستوں نے پریڈ میں شرکت کی اور اس دوران قومی نغموں نے شرکا کے جوش و ولولے میں اضافہ کردیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر، مسلح افواج کے سابق و حاضر سربراہان ،اعلیٰ سول، فوجی حخام کے ساتھ ساتھ وفاقی وزرا، سفارت کاروں اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔
وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب میں دلچسپ مکالمہ
اس تقریب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مکالمہ کرتے پرویز الٰہی سے کہا کہ چودھری صاحب آپ کے ہاں رواں داری ختم ہو رہی ہے۔
اس پر جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نہیں رانا صاحب رواداری موجود ہے، ختم نہیں ہو رہی۔
رانا ثناء اللہ نے پھر سوال کیا کہ چودھری صاحب اسمبلیوں کا کیا کر رہے ہیں؟
پرویز الٰہی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ رانا صاحب’’اسمبلیاں ٹُٹن دا معاملہ اللہ تے سُٹ دیو‘‘۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے وزیر اعلی سندھ سے بھی تقریب میں ملاقات کی، دونوں وزرائے اعلی کے درمیان سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔