لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اقلیت میں ہے اوراقلیت میں ہی رہے گی، اپوزیشن والے صرف نعرے لگا سکتے ہیں،عدم اعتماد لانا ان کے بس کی بات نہیں۔ تحریک عدم ا عتماد کا جسے شوق ہے، وہ لے آئے۔ اسمبلی ان سیشن ہوتوتحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں ہوسکتی اورنہ ہی اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں چیئرمین شکیل مسعود حسین،سیکرٹری جنرل میاں عامر محمود، ناز آفرین سہگل اورچیئرمین نئی بات میڈیا نیٹ ورک چوہدری عبدالرحمان شامل تھے۔
ملاقات میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی، وزیراعلیٰ کی ایسوسی ایشن کو واجبات کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی کروائی گئی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات آصف بلال لودھی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر،پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ اقبال چودھری، ڈی جی پی آر افراز احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چودھری پرویز الٰہی نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب چیئرمین اور عہدیداروں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ پی بی اے کے نومنتخب چیئرمین شکیل مسعود اور دیگر عہدیداران میڈیا انڈسٹری کی ترقی کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان جب کہیں گے پنجاب اسمبلی تحلیل کردیں گے۔ ہم عمران خان کی ہدایت پر اسمبلی توڑنے کیلئے ہروقت تیار ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں ہمیں اکثریت حاصل ہے۔ پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف اورمسلم لیگ ق کے اراکین کی تعداد191ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اقلیت میں ہے اوراقلیت میں ہی رہے گی، اپوزیشن والے صرف نعرے لگا سکتے ہیں،عدم اعتماد لانا ان کے بس کی بات نہیں۔ تحریک عدم ا عتماد کا جسے شوق ہے،وہ لے آئے۔ اسمبلی ان سیشن ہوتوتحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں ہوسکتی اورنہ ہی اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جاسکتا ہے، اسمبلی کا اجلاس ہورہا ہوتو گورنر راج بھی نہیں لگ سکتا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے تمام کام آئین اورقانون کے دائرے میں رہ کرکیے ہیں اورکررہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے معیشت کا برا حال کردیا ہے۔ عوام پی ڈی ایم کی حکومت کو جھولیاں اٹھا کربددعا ئیں دے رہے ہیں۔ شہبازشریف کو صرف مانگناآتا ہے اوروہ صرف اچھے طریقے سے مانگ سکتا ہے، بھکاری بھی ایک در پر بار بار بھیک مانگنے آئے توگھر والے دروازہ بند کردیتے ہیں، شہبازشریف نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک پائی بھی نہیں دی۔ ہم نے اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کی آباد کاری اوربحالی کا کام کیا ہے۔