لاہور: (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا انتہائی قابل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل آفیسرز ہیں ، نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے بعد قیاس آرائیوں کا سلسلہ اب بند ہو جانا چاہیئے، پوری امید ہے کہ نئے سپہ سالار کی قیادت میں پاک افواج اپنی کامیابیوں اور کامرانیوں کے سلسلے کو مزید آگے بڑھائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سپہ سالار کی حیثیت سے دفاع وطن اور ملک میں قیام کیلئے مثالی خدمات سرانجام دیں، ان کے دور میں ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کی جنگ کامیابی سے لڑی گئی۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک افواج نے معیشت کے استحکام، سفارتکاری اور قدرتی آفات میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔
خواتین کیخلاف تشدد ناقابل برداشت اور مجرمانہ فعل ہے: پرویز الٰہی
قبل ازاں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ خواتین کیخلاف تشدد مجرمانہ فعل اور ناقابل برداشت ہے، معاشرے میں خواتین پر تشدد کے رجحان کو روکنا ہمارا فرض ہے، اسلام نے خواتین کو مساوی حقوق دیئے، خواتین کو تشدد اور جبر کے سامنے جھکنا نہیں بلکہ اپنے حقوق کے لئے کھڑا ہونا ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے قرآن پاک کی ”سورۃ النساء“ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حقوق کے بارے میں میں واضح احکامات ہیں، خواتین کو تحفظ، تعلیم، کام اور انتخاب کی آزادی کا حق دیا گیا، نبی پاکﷺ نے ہر رشتے کی حیثیت سے خواتین سے انتہائی اعلیٰ درجے کا مثالی سلوک روا رکھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن تشدد کا شکار خواتین کو تحفظ دے کر انہیں معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرنا ہے، آج کے دن ہمیں خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کا عہد کرنا ہوگا۔