لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹرریڈ ایسچلیمین نے ملاقات کی، جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، واٹر مینجمنٹ، انرجی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اورپنجاب اور یو ایس ایڈ کے درمیان ڈویلپمنٹ پارٹنر شپ بڑھانے پراتفاق کیاگیا۔
یو ایس ایڈ کی جانب سے کلین انرجی اورسمال ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ یوایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر نے پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے کے حوالے سے پیشرفت کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے یوایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یو ایس ایڈ پنجاب حکومت کا ایک بہترین ڈویلپمنٹ پارٹنر ہے۔معیشت کی بہتری،کاروبار اورسرمایہ کاری کے فروغ کے لئے یو ایس ایڈ کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔ اگلے پانچ سال کے لئے یوایس ایڈ کی نئی گروتھ حکمت عملی کے تحت مستقبل میں تعاون بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ میرے سابقہ دور کے ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کو عالمی سطح پر سراہاگیا۔اب ہم نے آتے ہی گریجوایشن تک تعلیم فری کردی ہیں۔واٹر مینجمنٹ کا پروگرام2002میں شروع کیا لیکن بعد میں آنے والی حکومت نے اس پر کوئی کام نہیں کیا۔ سابق دور میں نہروں پر پانی کے فلو کے حساب سے سمال ڈیمز بنانے کامنصوبہ بنایا۔ بدقسمتی سے مسلم لیگ ن کی حکومت نے اس منصوبے کو سیاست کی نذر کیا۔ اب ہم سمال ڈیمز کی تعمیر کے منصوبے کو دوبارہ شروع کررہے ہیں۔سمال ڈیمز کی تعمیر سے نہ صرف سستی بجلی ملے گی بلکہ کاشتکاروں کو پانی کی فراہمی بھی ممکن ہوگی۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ کاشتکاروں کو سولر ٹیوب ویل بھی فراہم کررہے ہیں۔گرین پنجاب کے خواب کی تکمیل کے لئے الیکٹرک گاڑیوں کو متعارف کرایاجارہاہے۔ یو ایس ایڈ کی جانب سے ان پروگرامز میں تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔پنجاب اورکیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے پر عملدرآمد کے لئے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں خصوصی سیل بنا دیاہے۔اس معاہدے سے باہمی رابطوں میں بہتری آئے گی او رسرمایہ کاری بڑھے گی۔سیلیکون ویلی کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔پنجاب میں عوامی ویلفیئر کے ہر پروگرام پر ہونے والی پیشرفت کی خود مانیٹرنگ کرتا ہوں۔ریسکیو1122 پاکستان بلکہ جنوبی ایشیاء کی بہترین کی ایمرجنسی سروس ہے۔ہم یہ سروس نچلی سطح پر لیکر گئے ہیں جس سے لوگو ں کو بہت سہولت ملی ہے۔ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کو جدید خطوط پر استوار کیاہے۔سیلاب متاثرین کی مدد میں سب سے پہلے ریسکیو1122 کا عملہ پہنچا۔سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے اربوں روپے کا پیکیج دیاہے۔ متاثرین کے گھروں اور لائیوسٹاک کے نقصان کاازالہ کیاہے۔
یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر نے پنجاب حکومت کی جانب سے سپورٹ پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اوراشتراک کو مزید فروغ دیں گے۔ہمیں پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں معاونت بڑھانے پر خوشی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے او رپنجاب کی گروتھ بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ پنجاب میں زیادہ ڈویلپمنٹ ہو، سرمایہ کاری بڑھے او ربزنس کو فروغ ملے،اس ضمن میں ہمارا تعاون جاری رہے گا۔
ڈپٹی مشن ڈائریکٹر یو ایس ایڈ یوہانس آریا، پراجیکٹ مینجمنٹ سپیشلسٹ وسیم اشرف، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، سابق وفاقی سیکرٹری و چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سلمان غنی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) اسد اللہ خان، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ فضیل آصف،ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز،سیکرٹری توانائی، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔