لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں گے۔ عوام ن لیگ کو ایسے مار دیں، یہ دوبارہ اٹھ نہ سکیں۔
جہانیاں کے چودھری پرویزالٰہی سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کا ساتھ دیں، قائداعظم کے بعد یہ پہلا سچا لیڈر ہے۔ قوم کو عمران خان جیسا لیڈر ملا ہے شکر کریں اوراس کے لئے دعا کریں۔ پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ ملکر عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں گے۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔ دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ کی عزت ہوگی۔ ن لیگ کو ایسے مار دیں، یہ دوبارہ اٹھ نہ سکیں۔ شہبازشریف کوشرم الشیخ جا کر بھی شرم نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو مانگنے کا ڈھنگ بھی نہیں آتا۔ باہر جا کر ملک کو بدنام کر رہا ہے۔ وزیراعظم باہر جا کر کہتا ہے مجھے بھیک دو۔ مجھے ڈر تھا شہبازشریف جا کر کہے گاکہ مجھے واپسی کا ٹکٹ بھی کرادو۔ شریف برادران اور ن لیگ نے کبھی عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ دونوں بھائیوں نے عوام کی بہتری کا کبھی نہیں سوچا۔ جو حکمران پیسے بنانے آتے ہیں ان کے کام میں برکت نہیں ہوتی۔ میں نے اپنے سابق دور میں خزانے میں 400 ارب روپے سرپلس چھوڑے۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے دینے والا بنایا ہے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر دین کا کام کررہے ہیں۔ دین کی برکت سے کام آسان ہورہے ہیں۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ بچے اگر ناظرہ اور ترجمہ قرآن نہیں پڑھیں گے تو ڈاکٹر انجینئر نہیں بن سکیں گے۔ سہولتیں ملنے سے عوا م کے گھرں میں خوشی آئے گی۔ الیکشن سے پہلے پھر آکر پوچھوں گا آپ کے کام ہوئے نہیں۔ جہانیاں بار بار آتاجاتارہوں گا۔
چودھری پرویزالٰہی نے جہانیاں کی تمام کچی آبادی کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو 40 بیڈ سے 150بیڈز اپ گریڈ کررہے ہیں۔ تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال جہانیاں میں بلڈ بینک اورلیبر روم بھی قائم کے جائیں گے۔ جہانیاں میں ٹراما سنٹر بھی بنایا جائے گا۔ جہانیاں اور کچا کھوہ میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی کے کیمپس قائم کیے جائیں گے۔ جہانیاں کے گرلز ڈگری کالج کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ جہانیاں میں نیا چلڈرن ہسپتال بھی بنایا جائے گا۔ سپیڈو بس سروس جہانیاں اورٹھٹھہ صادق آباد تک وسیع کی جائے گی۔ جہانیاں کے 11بی ایچ یو میں ایمبولینسیں دی جائیں گی۔ جہانیاں میں 1122ریسیکو موٹر بائیک سروس شروع کی جائے گی۔ ٹھٹھہ صادق آباد میں سیوریج سسٹم کے لئے 20کروڑ روپے دئیے جائیں گے۔
جلسے سے ایم پی اے فیصل نیازی،پی ٹی آئی کے رہنما سید فخر امام، نوابزادہ عبدالرزاق خان نیازی، صوبائی مشیر ایاز خان نیازی، خالد جاوید وڑائچ او ردیگر نے بھی خطاب کیا۔