صدر نے حاجی غلام علی کی بطور گورنر خیبرپختونخوا تعیناتی کی منظوری دیدی

Published On 23 November,2022 12:16 pm

پشاور: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حاجی غلام علی کی بطور گورنر خیبرپختونخوا تعیناتی کی منظوری دے دی۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر تعیناتی کی منظوری دی۔

خیبر پختونخوا کے گورنر کا عہدہ گزشتہ کئی ماہ سے خالی تھا جس پر تقرری کے سلسلہ میں وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر حاجی غلام علی کی بطور گورنر کے پی تعیناتی کی سمری صدر مملکت کو بھجوائی تھی۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حاجی غلام علی کو اس عہدے کے لئے نامزد کیا تھا۔

وزیراعظم کی جانب سے صدر مملکت کو بھیجی گئی سمری میں آئین کے آرٹیکل 101 کے تحت حاجی غلام علی کو گورنر خیبرپختونخوا تعینات کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ سابق گورنر کے پی شاہ فرمان کے مستعفی ہونے کے بعد سپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی قائم مقام گورنر کے پی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

 

Advertisement