وزیراعلیٰ پنجاب نے طارق ٹیڈی کے بیٹے کو 30 لاکھ کا چیک دیا، نوکری دینے کا بھی اعلان

Published On 24 November,2022 11:39 pm

لاہور (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سٹیج اداکار طارق ٹیڈی مرحوم کے بیٹے کو 30 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ کی طرف سے طارق ٹیڈی کے بیٹے جنید طارق کو سی ایم آفس میں نوکری دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نادار فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے ٹرسٹ قائم کر دیا جس کے لیے انہوں نے ایک ارب روپے کے فنڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے فنکاروں کے لیے ماہانہ امداد بھی 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی۔

اس کے علاوہ انہوں نے فنکاروں کے امدادی فنڈز کی تقسیم کا طریقہ کار طے کرنے کے لیے بورڈ آف ٹرسٹی بھی قائم کیا جس کی سربراہی خود وزیراعلیٰ کریں گے۔ سیکرٹری اطلاعات بورڈ آف ٹرسٹی کے سیکرٹری، قوی خان، سید نور، سہیل احمد، نعمان اعجاز، جاوید شیخ، افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، ثمینہ احمد، فیاض الحسن چوہان اور ٹھاکر لاہوری اس بورڈ کے ممبر ہوں گے۔

ملاقات کے لیے آئے فنکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم فنکاروں کی دیکھ بھال کو فرض سمجھتے ہیں۔ فنکاروں کے خاندان کی معاونت کسی پر احسان نہیں، یہ ہماری ذمہ داری ہے۔ طارق ٹیڈی سٹیج کے منفرد اداکار تھے اور ہم عصراداکاروں میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔
 

Advertisement