کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے ایک ہی دن میں مبینہ زنا، چوری اور دیگر جرائم میں ملوث 20 افراد کو سرعام کوڑے مارے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی صوبے ہلمند کے گورنر کے ترجمان محمد قاسم ریاض نے کہا ہے کہ دارالخلافہ لشکرگاہ کے سپورٹس سٹیڈیم میں ان افراد کو کوڑے مارے گئے ہیں۔ ہر فرد کو 35 سے 39 کوڑے مارے گئے۔ سزا پانے والے دیگر افراد کو بھی ان کے جرائم کے مطابق قید کی سزا دی گئی۔
واضح رہے افغانستان کے نئے حکمرانوں نے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایسی سخت گیر پالیسیاں لاگو کی ہیں جو ان کے بقول اسلامی قانون اور شریعت کی عکاسی کرتی ہیں۔
ایک ہفتہ قبل بھی طالبان حکام نے ایک افغان شہری کو قتل کے جرم میں سرعام موت کی سزا دی تھی۔ جو کہ طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد یہ پہلی سرعام موت کی سزا تھی۔ سزا پر عملدرآمد مقتول کے والد سے کروایا گیا جس نے اپنے ہاتھوں سے کلاشنکوف کے ذریعے مجرم کو قتل کیا۔