ٹوئٹر کا ’’ خودکشی کی روک تھام ‘‘ کے حوالے سے اہم فیچر بحال

Published On 26 December,2022 06:28 am

کیلی فورنیا : (ویب ڈیسک ) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے خود کشی کی روک تھام کے حوالے سے ختم کیے گئے فیچر کو بحال کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر نے کمپنی کے مالک ایلن مسک کے حکم سے ہٹائے جانے کے چند دن بعد (There Is Help) نامی فیچر کو بحال کردیا ہے جو خودکشی کے بارے سوچنے والے لوگوں کو ری ڈائریکٹ کرنے کیلئے بنایا گیا ہے۔

قبل ازیں ٹوئٹر کی ٹرسٹ اینڈ سیفٹی سربراہ ایلا ارون نے اس فیچر کو ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے عارضی قرار دیا اور کہا کہ ہمارا مقصد اس فیچر کو ختم کرنا نہیں تھا بلکہ اسے کچھ وقت کیلئے عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا تا کہ اس میں چند اہم تبدیلیاں کی جاسکیں، ہم جانتے ہیں کہ یہ مفید فیچر ہے۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے جمعہ کے روز خودکشی سے بچانے اور دیگر معلومات فراہم کرنے والے فیچر کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر صارفین کی شدید تنقید کی گئی تھی۔