لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) حکام نے سپیس ایکس سٹار لنک پروگرام پر سکیورٹی خدشات کا اظہار کر دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹر کہدہ بابر کی زیرصدارت سینٹ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران پی ٹی اے حکام نے سپیس ایکس سٹار لنک پروگرام پر بریفنگ دی، پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ سپیس ایکس ایک جدید ٹیکنالوجی اور تیز ترین انٹر نیٹ فراہمی کا ذریعہ ہے،اس ٹیکنالوجی سے پسماندہ علاقوں میں انٹر نیٹ پہنچایا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے سپیس ایکس سٹار لنک پروگرام پر سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا، کمیٹی نے اسپیس ایکس پروگرام کیلئے ذیلی کمیٹی قائم کر دی جس کے ارکان افنان اللہ اور ذیشان خانزادہ ہوں گے، اجلاس کے دوران کمیٹی نے گوادر میں انٹرنیٹ سروس فراہمی سے متعلق مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔
سینیٹر افنان اللہ نے ہدایت کی کہ گوادر میں سرمایہ کار آرہے ہیں وہاں بہترین انٹرنیٹ پہنچائیں، کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ گوادر میں ہمارے بچے کورونا وبا کے دوران انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے پڑھ نہیں سکے۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا تھا کہ بعض علاقوں میں سکیورٹی وجوہات پر سروس بند ہے، وزیر اعظم نے گوادر میں انٹرنیٹ بہتری کی خصوصی ہدایت کی ہے، انٹرنیٹ سروس بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں، گوادر میں 4 ارب روپے کے انٹرنیٹ فراہمی کے منصوبوں پر تیزی س ے کام جاری ہے۔
اجلاس میں حکام نے مزید کہا کہ بلوچستان میں 5800 کلومیٹر فائبر آپٹک پراجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں، گوادر کے لئے پونے 2 ارب روپے کے فائبر آپٹک منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔