وزیر اعظم شہباز شریف کا امیر قطر کو فون، سیلاب کے دوران امداد پر تشکر کا اظہار

Published On 26 December,2022 10:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم ابن حمادالثانی کو فون کر کے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث آنے والے سیلاب میں امداد کرنے پر تشکر کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے امیر قطر شیخ تمیم ابن حمادالثانی کو پاکستان اور اقوام متحدہ کی مشترکہ میزبانی میں 9 جنوری کو جنیوا میں ہونے والی کلائمیٹ ریزیلینٹ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان نے اپنے محدود وسائل کو ممکنہ حد تک متحرک کیا، دونوں رہنماؤں نے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی حمایت اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے امیر قطر کو فٹبال ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قطر نے کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کیلئے ایک نیا معیار قائم کیا، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔